لکی مروت: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں درہ پیزو بازار کے قریب ایک ٹریفک پولیس موبائل کو نشانہ بناتے ہوئے ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ (آئی ای ڈی) کیا گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکہ اچانک اُس وقت ہوا جب ٹریفک پولیس کی موبائل معمول کے گشت پر تھی۔ دھماکے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں آگ بھڑک اُٹھی، جسے بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے قابو پایا۔زخمی ہونے والے دونوں افراد کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر پہنچ گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت اور ملزمان کے بارے میں تفتیش جاری ہے، اور ابتدائی شواہد سے یہ ایک دہشت گردی کی کارروائی معلوم ہوتی ہے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ بازار میں کاروباری سرگرمیاں کچھ دیر کے لیے معطل رہیں۔