ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے لکی مروت میں بھانہ منجیوالا کے قریب نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے مین گیس پائپ لائن کے ٹی بی ایس کو تباہ کر دیا، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد ٹی بی ایس اور گیس کی ترسیلی لائن مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جس کے نتیجے میں گیس کا مسلسل اخراج جاری ہے۔ دھماکے کے اثر سے بھڑکنے والی آگ کے شعلے دور دور تک دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ دھماکے کی آواز سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔واقعے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت ہزاروں گھروں کو گیس کی فراہمی منقطع کر دی گئی ہے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ فائر بریگیڈ اور گیس کمپنی کے اہلکار موقع پر پہنچ چکے ہیں اور آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ گیس کی ترسیل کو محفوظ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔