خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے شہباز خیل اڈہ پر پولیس وین کے قریب دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا جو پولیس وین کے قریب کھڑی تھی۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فوراً پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کیا گیا۔زخمی ہونے والوں میں اے ایس آئی جمال الدین، کانسٹیبل عارف اور ڈرائیور میر حسن شامل ہیں، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔