مصطفی عامر قتل کیس: مرکزی ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 6دن کی توسیع

 کراچی(آئی این پی ) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 6دن کی توسیع کردی، دوران سماعت شورشرابہ کرنے پر جج نے ملزم کے والد کامران قریشی کو عدالت سے باہرنکال دیا۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں مصطفی عامر قتل کیس کی سماعت ہوئی، وکیل صفائی کی استدعا پر ملزم کے والدین کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔عدالت نے مرکزی ملزم ارمغان کو 24مارچ تک مزید جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، دوران سماعت ملزم کے والد کامران قریشی نے کمرہ عدالت میں شور شرابہ کیا جس پر پولیس اہلکار کھینچ انہیں باہر لے گئے۔ملزم ارمغان نے والد کی جانب سے کیے گئے نئے وکیل کو ماننے اور والد کے ساتھ ملاقات سے بھی انکارکردیا۔قبل ازیں مصطفی عامر قتل کیس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں کا اے ٹی سی کمپلیکس میں داخلہ بند کردیا گیا تھا۔