کراچی (آئی این پی ) مصطفی عامر قتل کیس میں پولیس تفتیش کے دوران ملزم ارمغان کے بار بار بے ہوشی کا ڈرامہ کرنے کا انکشاف ہوا، رپورٹ میں بتایا گیا ملزم بار بار اپنے بیان تبدیل کررہا ہے۔تفصیل کے مطابق انسداد دہشت گردی منتظم عدالت میں مصطفی عامر کے اغواء اور قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔پولیس کی ملزم شیراز کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو اقبالی بیان ریکارڈ کرانے کی تیاری کرلی گئی، پولیس نے کیس تحقیقات کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کردیا اور پولیس کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ حاصل کرلی۔پولیس کی جانب سے انسداددہشت گردی عدالت میں پیش کردہ رپورٹ سامنے آگئی، جس میں پولیس تفتیش کے دوران ملزم ارمغان کے بار بار بیہوشی کا ڈراما کرنے کا انکشاف کیا۔ریمانڈ رپورٹ میں بتایا گیا کہ زوما نامی لڑکی سے تفتیش کرکے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کرنا ہے، تفتیش میں ملزم شیراز نے بخوبی اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے، ملزم ارمغان نہایت شاطر، چالاک اور عادی جرائم پیشہ ہے،بار بار اپنے بیان تبدیل کررہا ہے، بار بار بیہوش ہونے کی ایکٹنگ کرتا ہے،ملزم شیراز کا ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کرایا گیا ہے۔