کراچی (آئی این پی ) وفاقی تحقیقاتی ادارہ نے مصطفی عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کی حوالگی کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کرلیا۔انسداد دہشتگردی عدالت سینٹرل جیل میں مصطفی عامر قتل کیس میں ایف آئی اے نے ملزم ارمغان کی گرفتاری کیلئے منتظم عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت مقدمہ درج ہے، تفتیش کیلئے ملزم کی کسٹڈی دی جائے۔عدالت نے کہا کہ جہاں ملزم کا مقدمہ زیر سماعت ہے، اسی عدالت سے رجوع کیا جائے۔ بعدازاں ایف آئی اے حکام نے متعلقہ عدالت سے رجوع کر لیا۔متعلقہ عدالت نے جواب دیا کہ ریمانڈ دینے کا اختیار منتظم عدالت کا ہے۔دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت میں پولیس مقابلہ اقدام قتل اورغیرقانونی اسلحہ کے دومقدمات کی سماعت میں عدالت نے ملزم ارمغان کو تینوں مقدمات میں جیل بھیج دیا۔