بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کا الزام لگا کر پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کردیئے‘پاکستان کے سفارت کاروں کو7روز میں انڈیا سے چلے جانے کا حکم دیدیا

تمام پاکستانیوں کوبھارت چھوڑنے کا حکم سندھ طاس معاہدہ معطل‘و اہگہ بارڈر بند
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سربراہی میں سکیورٹی اجلاس میں فیصلے کئے گئے‘پاکستانی ہائی کمیشن بند کرنے کافیصلہ‘بھارت اسلام آباد سے اپنے تمام دفاعی اتاشی واپس بلائے گا، سارک ویزا استشنیٰ کے تحت پاکستانی شہری بھارت کا سفر نہیں کرسکیں گے
بھارت نے نیوی اور ایئر فورس کے اتاشیوں کو بھی ناپسندیدہ شخصیت قرار دیدیا‘بھارتی ہائی کمیشن میں عملے کی تعداد کم کی جائے گی‘پاکستانیوں کو48گھنٹے میں واپس جانا ہوگا: ترجمان وزارت خارجہ کی پریس کانفرنس

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت نے تمام پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کردیئے  اور 48 گھنٹے میں پاکستانی شہریوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔پہلگام حملے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سربراہی میں سکیورٹی اجلاس ہوا۔سکیورٹی اجلاس میں وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ نے شرکت کی، اجلاس میں مشیر قومی سلامتی اجیت دیول اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر سمیت دیگر وزرا ء بھی موجود تھے۔ اجلاس کے بعد نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا  بھارت میں موجود تمام پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ بھارت میں موجود پاکستانیوں کو 48 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے، بھارت نے سندھو ندی سمجھوتہ، سندھ طاس معاہدہ فوری ختم کرنے اور پاکستانی ہائی کمیشن کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق بھارت اسلام آباد سے اپنے تمام دفاعی اتاشی واپس بلائے گا، سارک ویزا استشنیٰ کے تحت پاکستانی شہری بھارت کا سفر نہیں کرسکیں گے۔بھارتی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے  اٹاری واہگہ بارڈر بھی بند کردیا گیا ہے، پاکستانیوں کو ویزا نہیں ملے گا، پاکستان کے سفارت کاروں کو سات روز میں بھارت چھوڑنے کاحکم دیا گیا ہے‘بھارت نے نیوی اور ایئر فورس کے اتاشیوں کو بھی ناپسندیدہ شخصیت قرار دیدیا