مقبوضہ کشمیر کی خواتین کا بے مثال جذبہ‘ ایران کی مدد کیلئے زیورات دیدیئے بچوں نے جمع پونجی اور کھلونے پیش کردیئے

مختلف علاقوں میں ایران کیلئے امدادی کیمپ‘ لوگ نقد رقم، سونا، گھریلو سامان اور مویشی عطیہ کر رہے ہیں‘نوجوان گھر گھر جا کر چندہ جمع کر رہے ہیں
امدادی مراکز پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، بعض خواتین اپنی محدود جمع پونجی دیتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں‘ایک خاتون نے اپنی واحد سونے کی بالی عطیہ کردی
سرینگر(آئی این پی )مقبوضہ کشمیر میں ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے   بڑ ے پیمانے پر  چندہ مہم جاری ہے۔  مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام سمیت مختلف علاقوں میں کمیونٹی رہنمائوں اور عمائدین کی جانب سے امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں لوگ نقد رقم، سونا، گھریلو سامان اور حتی کہ مویشی بھی عطیہ کر رہے ہیں۔امریکی خبر رساں ا دارے  کے مطابق نوجوان رضاکار گھر گھر جا کر چندہ جمع کر رہے ہیں۔ اس دوران خواتین نے بھی اپنے قیمتی زیورات جیسے سونے کی بالیاں، چوڑیاں اور انگوٹھیاں پیش کر دی ہیں۔کئی خاندانوں نے روایتی تانبے کے برتن اور دیگر گھریلو اشیا بھی عطیہ کیں، جبکہ بچوں نے بھی اپنے گلک توڑ کر اپنی جمع پونجی اس مہم کے حوالے کر دی۔کچھ بچوں نے اپنے نئے نویلے کھلونے تک پیش کردئیے۔عینی شاہدین کے مطابق امدادی مراکز پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، جہاں بعض خواتین اپنی محدود جمع پونجی دیتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔ایک خاتون شازیہ بتول نے کہا کہ اس کا دل ایران کے ساتھ ہے اور وہ اپنی واحد سونے کی بالیاں عطیہ کر رہی ہے، کیونکہ اس کے مطابق مدد کرنا ان کا فرض ہے۔