نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر میں دہشت گرد حملے کے بعد سعودی عرب کا دورہ مختصر کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے جدہ سے نئی دہلی کے لیے واپسی کے سفر میں پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال سے گریز کرتے ہوئے متبادل راستہ اختیار کیا۔فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس کے مطابق منگل کی صبح جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ریاض جا رہے تھے تو ان کا طیارہ ’ایئر انڈیا ون‘ پاکستانی فضائی حدود سے گزرا، تاہم بدھ کے روز واپسی پر بھارتی فضائیہ کے بوئنگ 777-300 طیارے نے بحیرہ عرب کے اوپر سے طویل راستہ اختیار کیا اور گجرات کے راستے دہلی واپس پہنچا۔