صبا فیصل کا طلاق سے متعلق بیان، سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا

صبا فیصل کا طلاق سے متعلق بیان، سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا

لاہور: پاکستان کی سینئر اور معروف اداکارہ صبا فیصل ایک بار پھر طلاق سے متعلق اپنے حالیہ بیان کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئی ہیں۔

صبا فیصل نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے معاشرے میں طلاق کے حوالے سے بدلتے ہوئے رویوں پر بات کی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں خاندان میں کسی کی طلاق ہوجانے پر اسے انتہائی سنجیدہ معاملہ سمجھا جاتا تھا اور بعض خاندان کئی ماہ تک اس واقعے کے اثرات سے نکل نہیں پاتے تھے۔اداکارہ کے مطابق ماضی میں جن خواتین کی طلاق ہوتی تھی، ان کے والدین بھی سماجی دباؤ کا سامنا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں والد لوگوں کا سامنا کرنے سے گریز کرتے اور انہیں اس صورتحال پر شرمندگی محسوس ہوتی تھی۔صبا فیصل کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ معاشرتی رویوں میں تبدیلی آئی ہے اور اب طلاق کے بعد زندگی معمول کے مطابق آگے بڑھنے لگی ہے۔ تاہم انہوں نے موجودہ دور میں طلاق کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔اداکارہ نے گفتگو کے دوران مثال دیتے ہوئے کہا کہ آج کل بعض خواتین اپنی دوستوں کو یہ بتاتی ہیں کہ ان کی طلاق کو کئی ماہ گزر چکے ہیں اور وہ ذہنی سکون حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک سے واپس آئی ہیں۔

 صبا فیصل کے مطابق اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور معاشرتی حالات پر اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔صبا فیصل کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ بعض صارفین نے اداکارہ کے مؤقف سے اختلاف کیا اور طلاق کو ہر فرد اور خاندان کے لیے مختلف حالات سے جڑا ذاتی معاملہ قرار دیا، جبکہ کچھ صارفین نے ان کے بیان کے بعض حصوں پر تنقید کی۔طلاق اور خاندانی معاملات سے متعلق صبا فیصل کے بیانات اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنتے رہے ہیں۔ حالیہ بیان کے بعد بھی اداکارہ کا مؤقف مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیرِ بحث ہے۔