صبا قمر کے کراچی سے منفی بیان پر سوشل میڈیا پر غم و غصہ

صبا قمر کے کراچی سے منفی بیان پر سوشل میڈیا پر غم و غصہ

پاکستان کی  اداکارہ صبا قمر کے کراچی سے متعلق منفی بیان کے باعث سوشل میڈیا صارفین میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

صبا قمر نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کراچی کے بارے میں ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔پوڈکاسٹ میں ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ کام کے لیے کراچی منتقل ہونے کے لیے تیار ہیں؟ تو انہوں نے فوراً جواب دیا، "استغفراللّٰہ کبھی نہیں۔" بعد میں انہوں نے کہا کہ وہ کراچی صرف کام کے لیے جاتی ہیں، اپنا کام مکمل کرتی ہیں اور واپس آ جاتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں لاہور اور اسلام آباد پسند ہیں، اور اگر کسی نے کراچی میں اپنا گھر دے دیا تو ٹھیک ہے۔اس دوران، صبا قمر نے آہستہ آواز میں یہ بھی کہا، "I don’t like Karachi" (مجھے کراچی پسند نہیں)۔ ایک اور موقع پر انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے تمام پروجیکٹس کو اسلام آباد منتقل کر دینا چاہیے۔

ان بیانات نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ ایک معروف اداکارہ کے لیے کراچی جیسے بڑے شہر کے بارے میں منفی رائے ظاہر کرنا مناسب نہیں۔ صارفین نے تنقید کی کہ کراچی کے لیے ایسے منفی الفاظ استعمال کرنا غیر مناسب ہے اور بعض نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور پنڈی کے لوگ کراچی کے بارے میں عجیب جنون رکھتے ہیں۔کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ کراچی سے محبت کرنے والوں کے لیے یہ بیانات افسوسناک ہیں، اور یہ بھی سوال اٹھ رہے ہیں کہ کیا کسی شہر کا یہ رویہ کسی اداکارہ کے لیے مناسب ہے۔ اس واقعے نے سوشل میڈیا پر خاصی بحث اور تنقید کو جنم دیا ہے۔