پاکستان کے ایک ٹی وی پروگرام میں مذہبی اسکالر ڈاکٹر علی وقار قادری کی دعاؤں سے متعلق گفتگو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئی، جہاں بعض صارفین نے ان کے الفاظ کو نامناسب قرار دیتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ’قطب آن لائن‘ میں میزبان بلال قطب سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر علی وقار قادری نے مسلمانوں کے صرف دعاؤں پر انحصار کرنے اور عملی اقدامات نہ کرنے کے رویے پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ مسلمان دعا کرتے ہیں کہ غزہ کو فتح ملے، اسرائیل تباہ ہو اور پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ ہو، لیکن جب خود کسی مشکل میں پھنس جاتے ہیں تو امریکا کی طرف دیکھتے ہیں۔گفتگو کے دوران مذہبی اسکالر نے کہا کہ ’’اللہ ہماری ان دعاؤں پر ہنستا ہوگا‘‘۔ بعد ازاں انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو عقل، کتاب، ضابطۂ حیات اور زندگی گزارنے کا طریقہ عطا کیا ہے، اس لیے دعا کے ساتھ عملی کوشش بھی ضروری ہے۔
انہوں نے صحابہ کرامؓ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ عبادت اور دعا کے ساتھ میدانِ عمل میں بھی موجود رہتے تھے۔تاہم اللہ تعالیٰ کے لیے ’ہنسنے‘ کے الفاظ استعمال کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔ بعض صارفین نے بیان کو نامناسب قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر علی وقار قادری سے معافی کا مطالبہ کیا۔سوشل میڈیا صارفین نے پروگرام میں موجود دیگر افراد کے ردعمل پر بھی اعتراض کیا اور گفتگو کے دوران ہنسنے کو غیر مناسب قرار دیا۔