بھارت کے اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کے پاس اپنے ہم وطن اور کرکٹ کی دنیا کے لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا 14,000 رنز کا ریکارڈ توڑنے کا تاریخی موقع ہے۔
ویرات کوہلی اس وقت انگلینڈ کے خلاف تین میچز کی ون ڈے سیریز میں حصہ لے رہے ہیں، اور وہ ٹنڈولکر کے 14,000 رنز کے ریکارڈ کے قریب پہنچ چکے ہیں، جو 19 سال قبل فروری 2006 میں سچن ٹنڈولکر نے پشاور میں پاکستان کے خلاف اپنے 350 ویں ون ڈے میچ میں بنایا تھا۔اس میچ میں سچن ٹنڈولکر نے پاکستان کے خلاف 14,000 رنز کا سنگ میل عبور کیا تھا، لیکن اس میچ میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سچن ٹنڈولکر کا یہ ریکارڈ تقریباً دو دہائیوں تک کرکٹ کی دنیا میں برقرار رہا۔
ویرات کوہلی اس وقت 14,000 رنز کے سنگ میل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے اب تک 283 ون ڈے اننگز میں 58.18 کی اوسط سے 13,906 رنز بنائے ہیں، جن میں 50 سنچریاں اور 72 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ کوہلی کی اوسط اور اسٹرائیک ریٹ 93.54 کے ساتھ شاندار ہے۔ ان کی تیز رفتار کارکردگی کے ساتھ، وہ ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے کے لئے بہترین موقع پر ہیں۔
ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 14,000 رنز کے ریکارڈ کی بات کی جائے تو، سچن ٹنڈولکر نے 350 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا، جب کہ کمار سنگاکارا نے 378 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ کوہلی کی فارم اس وقت خاصی بہتر ہے اور اگر وہ اس سیریز میں اپنی کارکردگی کو جاری رکھتے ہیں تو وہ سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔تاہم، حالیہ مہینوں میں ویرات کوہلی ناقص فارم کا شکار رہے ہیں۔
وہ سری لنکا اور آسٹریلیا کے دوروں میں بری طرح ناکام ہوئے، اور پھر ان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی بھی متاثر کن نہیں رہی۔ باوجود اس کے، کوہلی نے اپنے عالمی کرکٹ کیریئر میں تیزترین رنز کا ریکارڈ بنانے کی جانب قدم بڑھایا ہے۔بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز 6 فروری کو ناگپور میں شروع ہوگی، اور سیریز کے مزید دو میچز 9 اور 12 فروری کو شیڈول ہیں۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں چیمپئینز ٹرافی کے لیے دبئی اور پاکستان کا سفر کریں گی۔