عاطف اسلم کے کنسرٹ میں مداح نے موبائل فون اسٹیج پر پھینک دیا، ویڈیو وائرل

عاطف اسلم کے کنسرٹ میں مداح نے موبائل فون اسٹیج پر پھینک دیا، ویڈیو وائرل

لاہور: پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کے حالیہ کنسرٹ کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک مداح نے پرفارمنس کے دوران اپنا موبائل فون اسٹیج کی جانب پھینک دیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عاطف اسلم اسٹیج پر اپنی پرفارمنس میں مصروف ہیں کہ اچانک مداحوں کی جانب سے موبائل فون اسٹیج پر پھینکے جانے لگتے ہیں۔ ایک موبائل فون گلوکار کے قریب آ کر گرتا ہے، جس پر عاطف اسلم کچھ دیر کے لیے پرفارمنس روکتے ہیں اور فون اٹھا لیتے ہیں۔موبائل فون ہاتھ میں لینے کے بعد عاطف اسلم نے مزاحیہ انداز میں مداح سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ’’فون ہی پھینک دیا اوپر، یہ تو ٹوٹ چکا ہوگا اب تک۔‘‘ گلوکار کے اس برجستہ ردعمل پر شائقین بھی محظوظ ہوتے دکھائی دیے۔اسی ویڈیو میں ایک اور مداح کو مبینہ طور پر اپنا سبز دوپٹہ بھی اسٹیج کی جانب پھینکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کنسرٹ کے دوران مداحوں کی جانب سے اس طرح کی چیزیں اسٹیج پر پھینکے جانے کے مناظر نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔رپورٹس کے مطابق مداحوں کی جانب سے ایسی حرکات بعض اوقات گلوکار سے آٹوگراف یا توجہ حاصل کرنے کے لیے کی جاتی ہیں، تاہم موبائل فون یا دیگر اشیا اسٹیج کی جانب پھینکنے کا انداز فنکار کے لیے خطرناک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ اس واقعے میں عاطف اسلم کو کسی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے کنسرٹس میں مداحوں کے رویے پر بھی بحث کی جا رہی ہے۔ کچھ صارفین نے اسے مداحوں کا جوش قرار دیا، جبکہ دیگر نے فنکاروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی اشیا اسٹیج پر پھینکنے سے گریز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔دوسری جانب عاطف اسلم کا موبائل فون اٹھانے کے بعد ہلکے پھلکے انداز میں دیا گیا ردعمل بھی صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی جا رہی ہے۔