پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے والد کے انتقال کے محض دو روز بعد بھی اپنے مداحوں سے کیا گیا وعدہ نبھاتے ہوئے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقدہ کنسرٹ میں شاندار پرفارمنس دی اور حاضرین کے دل جیت لیے۔
یہ کنسرٹ سندھ حکومت اور کراچی آرٹس کونسل کے اشتراک سے پاکستان کے یومِ آزادی اور بھارت کے خلاف کرکٹ فتح کی خوشی میں منعقد کیا گیا تھا، جس کا عنوان ’’معرکۂ حق اور جشنِ آزادی‘‘ رکھا گیا۔ تقریب میں عاطف اسلم کے ساتھ ساتھ نامور گلوکار راحت فتح علی خان، سجاد علی، حدیقہ کیانی، کیفی خلیل، خماریاں اور طفیل سنجرانی نے بھی پرفارم کیا۔عاطف اسلم نے اپنے والد، سینئر بیوروکریٹ چوہدری اسلم، کے 12 اگست کو لاہور میں انتقال کے باوجود اسٹیج پر آ کر اپنے فن کا جادو جگایا۔ پرفارمنس کے دوران ان کے چہرے پر غم کا شائبہ تک نہ تھا، جس پر شائقین نے ان کی ہمت اور پروفیشنلزم کو خوب سراہا اور انہیں ’’اصلی ہیرو‘‘ قرار دیا۔تقریب کا اختتام کیک کاٹنے اور شاندار آتش بازی سے ہوا، جب کہ حاضرین نے اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔