کراچی میں عاطف اسلم کے کنسرٹ پر بدانتظامی، ہنگامہ آرائی اور سوشل میڈیا پر تنقید

کراچی میں عاطف اسلم کے کنسرٹ پر بدانتظامی، ہنگامہ آرائی اور سوشل میڈیا پر تنقید

کراچی میں معروف گلوکار عاطف اسلم کے کنسرٹ کے دوران شدید بدانتظامی اور ہنگامہ آرائی کے مناظر دیکھنے میں آنے کے بعد، تقریب سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یکم نومبر کو کراچی کی موئن خان اکیڈمی میں ایک میوزیکل شو کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام پرزم ایونٹس اینڈ ٹورز نے کیا۔ اس کنسرٹ میں عاطف اسلم کے علاوہ دیگر گلوکار اور بینڈ بھی پرفارم کر رہے تھے۔لیکن یہ تقریب شرکاء کے لیے مایوس کن ثابت ہوئی۔ شرکا کا کہنا ہے کہ انہیں ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک طویل قطاروں میں انتظار کرنا پڑا، اور منتظمین و عملے کے نامناسب رویے نے صورتحال کو مزید بگاڑ دیا۔سوشل میڈیا پر شائقین نے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ پرزم ایونٹس ہر سال کی طرح اس بار بھی ہجوم کو منظم کرنے میں ناکام رہا۔ بعض افراد نے اسے اب تک کا بدترین کنسرٹ قرار دیا۔شائقین نے شکایت کی کہ ساونڈ سسٹم انتہائی ناقص تھا اور عاطف اسلم کی آواز وی آئی پی انکلوژرز تک پہنچ ہی نہیں رہی تھی۔ ایک صارف نے لکھا کہ وی آئی پی ٹکٹ کے پیسے دیے مگر تجربہ عام سیٹ سے بھی بدتر تھا۔

کچھ مداحوں نے یہ بھی کہا کہ عاطف اسلم اپنا مشہور گانا ’ہونا تھا پیار‘ مکمل طور پر نہیں گا سکے، اور دیگر نے کنسرٹ کو خوفناک اور ٹرومیٹک قرار دیا۔سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے پرانی یاد دہانی بھی کرائی کہ گزشتہ تین برسوں سے انہی منتظمین کے کنسرٹس میں یہی بدانتظامی دیکھی جا رہی ہے۔اس شدید ردعمل کے بعد، پرزم ایونٹس اور منتظمین کی کارکردگی پر عوامی اعتماد مزید کم ہوتا جا رہا ہے، اور یہ کنسرٹ ایک ناخوشگوار یاد کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔