لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کی ہدایت پر ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد خالد سعید نے جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والے کانسٹیبل عبدالرحمن کی عیادت کی۔ کانسٹیبل عبدالرحمن پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں تعینات ہیں اور جھامکے، شیخوپورہ کی حدود میں ٹریفک حادثے کے دوران شدید زخمی ہوئے تھے۔ایس پی ہیڈکوارٹرز نے ڈاکٹرز سے کانسٹیبل عبدالرحمن کے علاج اور طبیعت کے بارے میں دریافت کیا، جبکہ زخمی اہلکار کے لواحقین سے بھی ملاقات کی۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد خالد سعید نے کہا کہ زخمی کانسٹیبل کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور محکمہ پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ پولیس افسران اور جوان محکمہ پولیس میں فیملی کی مانند ہیں، مشکل وقت میں محکمہ اپنے افسران و جوانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔