لاہور(کرائم رپورٹر)مغلپورہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو پتنگ فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کے مطابق ملزم عبدالمغیز کو شالیمار ہسپتال کے قریب سے گرفتار کرکے 550 پتنگیں برآمد کی گئیں، جبکہ ملزم عادل کو رائل پام روڈ سے گرفتار کرکے 20 پتنگیں برآمد کی گئیں۔پولیس کے مطابق ملزمان پابندی کے باوجود پتنگیں کاٹن کے ڈبوں میں چھپا کر فروخت کرتے اور پتنگیں تیار کرکے لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی سول لائنز منزہ کرامت نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔