پتنگ فروش گرفتار، لاکھوں روپے کی پتنگیں برآمد

 باغبانپورہ پولیس نے قاتل کیمیکل اور پتنگ فروش کو گرفتار کیا
 لاہور (کرائم رپورٹر)ایس پی کینٹ کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا کی ہدایت پر پتنگ فروشوں کے خلاف پولیس کارروائی جاری ہے۔ ایس ڈی پی او باغبانپورہ وارث کلیار کی سربراہی میں ایس ایچ او باغبانپورہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الااضلاعی پتنگ ڈیلر ابراہیم کو گرفتار کر لیا۔ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کے مطابق ملزم ابراہیم سے لاکھوں روپے مالیت کی 500 پتنگیں، 3 قاتل کیمیکل، ڈور اور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ پشاور سے آن لائن آرڈر کے ذریعے پتنگیں اور ڈور منگوا کر پنجاب کے مختلف اضلاع میں سپلائی کرتا ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ ایس پی کینٹ نے تمام والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پتنگ بازی جیسے خونی کھیل سے دور رکھیں۔ ایس پی کینٹ نے ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔پتنگ فروشوں، پتنگ سازوں اور پتنگ بازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔