ویب ڈیسک: نئے سال کی آمد کے موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے لاہور کے شہریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انتظامی امور میں بہتری لانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نیا سال ملک میں خوشحالی، امن اور ترقی کا سال ہو گا اور وہ لاہور کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔
سید موسیٰ رضا نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے حوالے سے اپنے عزائم کا ذکر کرتے ہوئے اس کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، انفراسٹرکچر کی بہتری اور شہری سہولتوں کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی جمالیاتی حیثیت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی انتظامیہ کی بھرپور کوششیں جاری رہیں گی۔
اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اشیاء خوردونوش کی فروخت سرکاری نرخوں پر یقینی بنائی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا تاکہ قیمتوں کو قابو میں رکھا جا سکے اور عوام کو مہنگائی سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ ہر سطح پر شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے گی اور لاہور کو ایک جدید، خوبصورت اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرے گی۔
سید موسیٰ رضا نے اس موقع پر اپنے پیغام میں عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر میں امن و سکون قائم رہ سکے اور لاہور کو ایک مثالی شہر بنایا جا سکے۔