بحیرہ احمر کے راستے پاکستان کیلئے سعودی خام تیل کی ترسیل بحال

بحیرہ احمر کے راستے پاکستان کیلئے سعودی خام تیل کی ترسیل بحال

اسلام آباد: بحیرہ احمر کے راستے پاکستان کے لیے سعودی عرب سے خام تیل کی ترسیل دوبارہ شروع ہوگئی ہے، جس سے پاکستان کے لیے تیل کی سپلائی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے اپنی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو دوبارہ فعال کر دیا ہے۔ یہ پائپ لائن سعودی عرب کے مشرقی علاقوں میں واقع آئل فیلڈز سے خام تیل کو بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع تک منتقل کرتی ہے، جہاں سے تیل کو سمندری راستے کے ذریعے دیگر ممالک کو برآمد کیا جاتا ہے۔رپورٹس کے مطابق 13 ستمبر کو ہونے والے حملوں کے بعد پائپ لائن کو عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا، جس کے باعث ینبع کے ایکسپورٹ ٹرمینل پر خام تیل کی لوڈنگ کا عمل بھی متاثر ہوا تھا۔پائپ لائن کی بحالی کے بعد خام تیل کی ینبع بندرگاہ تک ترسیل اور وہاں سے برآمدی سرگرمیوں کی بحالی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

دوسری جانب آبنائے ہرمز کے راستے بحری ٹریفک میں کمی کے باعث پاکستان نے سعودی عرب کی ینبع بندرگاہ کے استعمال میں اضافہ کیا تھا۔ اس متبادل سمندری راستے کے ذریعے سعودی خام تیل پاکستان پہنچایا جا رہا ہے۔ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کی بحالی سے سعودی خام تیل کی بحیرہ احمر کے راستے ترسیل میں سہولت پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ پاکستان کے لیے تیل کی درآمد کے متبادل راستے کی اہمیت بھی برقرار ہے۔