عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 7 فیصد تک کمی، برینٹ اور امریکی خام تیل سستا

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 7 فیصد تک کمی، برینٹ اور امریکی خام تیل سستا

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں کاروبار کے اختتام پر تیل کی قیمتیں تقریباً 7 فیصد گر گئیں اور 13 جولائی کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بند ہوئیں۔

برینٹ خام تیل کی قیمت 6.35 ڈالر کمی کے بعد 83.77 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 4.33 ڈالر سستا ہو کر 80.34 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔رپورٹس کے مطابق قیمتوں میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی جب امریکی محکمہ توانائی کے اعداد و شمار سے معلوم ہوا کہ امریکا کے اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو (SPR) میں خام تیل کے ذخائر 1983 کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اسٹریٹجک ذخائر سے 172 ملین بیرل خام تیل جاری کرنے کی منظوری کے بعد مارکیٹ میں مزید دباؤ دیکھنے میں آیا۔ کاروبار کے دوران امریکی خام تیل کی قیمت مزید کم ہو کر 78.97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ برینٹ خام تیل بھی مزید سستا ہو کر 82.92 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے اثرات آئندہ دنوں میں مختلف ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔