شاہ عالم مارکیٹ میں آتشزدگی، کھلونوں کی دکان لپیٹ میں آ گئی

شاہ عالم مارکیٹ میں آتشزدگی، کھلونوں کی دکان لپیٹ میں آ گئی

لاہور کی شاہ عالم مارکیٹ میں واقع ایک پلازے کی پہلی منزل پر کھلونوں کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جس کے باعث آگ کو دیگر دکانوں تک پھیلنے سے روک دیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق آتشزدگی کے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ بروقت کارروائی کے باعث بڑے مالی نقصان سے بھی بچاؤ ممکن ہوا۔ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں شاہ عالم مارکیٹ کے فوارہ چوک میں واقع شیٹ کی ایک دکان میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جہاں ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا تھا۔