شاہ عالم مارکیٹ میں شیٹ کی دکان میں آتشزدگی، لاکھوں کا سامان جل گیا

شاہ عالم مارکیٹ میں شیٹ کی دکان میں آتشزدگی، لاکھوں کا سامان جل گیا

لاہور: شاہ عالم مارکیٹ کے فوارہ چوک میں واقع شیٹ کی ایک دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جس سے آگ کو قریبی دکانوں تک پھیلنے سے روک لیا گیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ تاہم واقعے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔حکام کے مطابق خوش قسمتی سے آتشزدگی کے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم دکان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگیا، جس سے دکاندار کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ریسکیو حکام نے شہریوں اور تاجروں کو ہدایت کی ہے کہ بجلی کی وائرنگ اور برقی آلات کی بروقت جانچ کرائیں تاکہ شارٹ سرکٹ اور آتشزدگی جیسے واقعات سے بچا جا سکے۔