پشاور(آئی این پی) موجودہ حالات کے پیش نظر پشاور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام سینئرافسران کو فیلڈ میں رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں دہشت گردی کے خطرات اور امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر سیکیورٹی کو شدید ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔یہ اہم فیصلہ سی پی او کی زیرِ صدارت انعقاد پذیر ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔سی پی او کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں موجودہ امن و امان اور سیکیورٹی خدشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر تمام سینئر پولیس افسران کو دفاتر کے بجائے خود فیلڈ میں موجود رہنے اور سیکیورٹی انتظامات کی براہِ راست نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔شہر کے تمام سرکلز میں مشتبہ عناصر کی سرکوبی کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز شروع کرنے اور مختلف شاہراہوں پر اچانک ناکہ بندیاں قائم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تاکہ شہر کی فضائی و زمینی نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔