آئی جی پنجاب کا پولیس فورس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

دشمن چینی و غیر ملکی باشندوں،چوکیوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتا ہے
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شکست خوردہ دشمن دہشت گردی کے ذریعے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتا ہے۔ آئی جی پنجاب نے پولیس فورس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت جاری کشیدگی کے تناظر میں پنجاب پولیس کے چیلنجز اورخطرات میں اضافے کا خدشہ ہے۔دشمن حساس مقامات، چینی و غیر ملکی باشندوں، ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور بارڈر ایریاز پولیس چوکیوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنٹرل پولیس آفس میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور ٹریفک ملتان کے 23 افسران و اہلکاروں کو ایوارڈز سے نوازا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی جی خان کی 10 رکنی ٹیم کو لاکھانی اور جھنگی چیک پوسٹوں پر خوارجی دہشتگردوں کے مسلسل3 حملے ناکام بنانے پر تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔سرگودھا پولیس کی 7رکنی ٹیم کو تھانہ ترکھاں والا کے علاقے میں لگی آگ پر فوری قابو پانے اور رہائشی علاقوں میں پھیلنے سے بچانے پر ایوارڈ دئیے گئے۔ٹریفک پولیس ملتان کی 6رکنی ٹیم کو آگاہی مہم کے ذریعے ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز میں شہریوں کی تعداد بڑھانے پر ایوارڈز دئیے گئے۔آئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی پر پولیس ٹیموں کو شاباش دی اور مزید تندہی سے فرائض ادائیگی کی ہدایت کی۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد خان، ایس ایس پی اسد سرفراز، اے آئی جی فنانس ندا عمر چٹھہ اور اے آئی جی ویلفیئر عبدالرحیم شیرازی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔