پی ٹی آئی اب کوئی وجود نہیں رکھتی، قیادت کو مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے، محمود خان

سہیل آفریدی کے بھائی نے  وزیراعلی ہائوس کو کمائی کا ذریعہ بنایا ہوا ہے، سابق وزیراعلی
پشاور (آئی این پی)سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اب کوئی وجود نہیں رکھتی۔ ان کے مطابق تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کو احتجاج کے بجائے مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے۔ ایک انٹرویو میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز  کے چیئرمین محمود خان نے کہا کہا کہ عدالتی مقدمات میں صرف تاریخیں بدلتی رہیں گی، اس لیے تحریک انصاف کی قیادت کو ہر صورت مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے محمود خان نے کہاکہ پارٹی رہنماں کو سمجھنا چاہیے کہ احتجاجی مظاہروں کے ذریعے عمران خان کی رہائی ممکن نہیں۔ اگر وہ لوگوں کو اکٹھا کر حالات خراب کریں گے تو اس کا نقصان بھی تحریک انصاف ہی کو ہوگا۔محمود خان نے بتایا کہ اکتوبر 2025 میں جب عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو ہٹایا تو وزیراعلی کے لیے انہیں 3 نام پیش کیے گئے تھے۔ ان میں سے 2 ناموں سے عمران خان ذاتی طور پر واقف تھے، اس لیے انہوں نے انہیں پہلی فرصت میں مسترد کردیا۔ان کے مطابق عمران خان سہیل آفریدی کو نہیں جانتے تھے، تاہم انہیں توقع تھی کہ یہ قبائلی نوجوان کچھ کر دکھائے گا، اس لیے انہوں نے سہیل آفریدی کے نام کا قرعہ نکالا۔