امید تھی جلد معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے ‘علامہ ناصر عباس نے آکر بتایا آج کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا
آپ اس مینڈیٹ کے ساتھ آئے تھے فیصلے خود کریں گے، مشاورت کے بعد اس کے پابند ہو کر رہ گئے
اسلام آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بیرسٹر گوہر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے دوران حکومتی اراکین ان کے چیمبر جبکہ اپوزیشن کے اراکین ساتھ والے کمرے میں موجود تھے۔ اس وقت امید تھی کہ جلد معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے اور معاملات بہتری کی جانب بڑھیں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سب سے پہلے قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ ناصر عباس ان کے پاس آئے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ آج کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے بلکہ بات چیت کے عمل کو جاری رہنا چاہیے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین وہاں سے چلے گئے، تاہم بعد ازاں بیرسٹر گوہر دوبارہ واپس آئے اور انہوں نے بھی اس مؤقف کا اظہار کیا کہ مذاکراتی عمل جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کی بھی یہی رائے تھی کہ مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ اس مینڈیٹ کے ساتھ آئے تھے کہ فیصلے خود کریں گے، تاہم مشاورت کے بعد آپ اس کے پابند ہو کر رہ گئے تھے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس معاملے پر کم سے کم بات کی جائے، تاہم ایوان میں وہی بات کی جانی چاہیے جو درست ہو۔