پی ٹی آئی کو سمجھ آ گئی مذاکرات کے علاہ کوئی راستہ نہیں: پرویز اشرف

مذاکرات کی کامیابی کی امید کرنی چاہیے، نہیں ہوتے تو بھی نظام چلتا رہے گا: پریس کانفرنس
    لاہور (سپیشل رپورٹر) سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے  سیاستدان کے پاس صرف ڈائیلاگ کا ہتھیار ہے،پی ٹی آئی کو بھی سمجھ آ گئی ڈائیلاگ کے علاہ کوئی راستہ نہیں،عمران خان کے کیسز عدالتوں میں ہیں،ایگزیکٹو آرڈر سے کسی کو جیل سے نہیں نکالا جا سکتا، مذاکرات کی کامیابی کی امید کرنی چاہیے، نہیں ہوتے تو بھی نظام چلتا رہے گا، مرکز میں پیپلز پارٹی دوسری بڑی جماعت ہے لہٰذا خواہش اور کوشش ہے  تھوڑانقصان اٹھا کر ہم فیصلے کرلیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹیریٹ ماڈل ٹائون میں جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی،سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ، فیصل میر، نسیم جبار،رانا جواد،میاں ایوب، چودھری عبدالغفور اور احسن رضوی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا‘انہوںنے کہا  سیاست میں ایسا عنصر نہیں آنا چاہیے جس سے قومی وحدت پارہ پارہ ہو جائے۔پی ٹی آئی نے اب محسوس کیا ہے کہ گفتگو شنید ہی مسائل کا حل ہے،خالی دشنام طرازی اور غیر اخلاقی حرکتوں سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔سپیکر چیمبر میں ایک ابتدائی میٹنگ کامیابی سے ہو چکی ہے۔آئندہ میٹنگ 2جنوری کو ہے،گفتگو شنید شروع ہو جاتی ہے تو مسئلے کا حل نکل آتا ہے،دعا ہے  ملک میں نئے سال میں سیاسی و معاشی استحکام آئے۔انہوں نے  کہا بدقسمتی سے پی ٹی آئی کا خیال تھا کہ وہ صرف اسٹیبلشمنٹ سے بات کریں گے، پی ٹی آئی کو بھی سمجھ آ گئی ہے کہ سیاسی جماعتوں سے ڈائیلاگ کے علاہ کوئی رستہ نہیں۔مذاکرات کی ٹیبل پر کھلے ذہن سے بیٹھنا چاہیے۔