قدرتی وسائل کا اختیار کسی کو نہیں دیں گے، خطے کے ممالک سے تعلقات بہتر بنائیں گے:پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر

قدرتی وسائل کا اختیار کسی کو نہیں دیں گے، خطے کے ممالک سے تعلقات بہتر بنائیں گے:پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر

پشاور: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے پشاور میں پی ٹی آئی رہنماؤں جنید اکبر، عاطف خان اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کسی صورت صوبے کے قدرتی وسائل کا اختیار کسی کو نہیں دیا جائے گا۔

اسد قیصر نے کہا کہ ضم اضلاع کے حوالے سے کیے گئے وعدے پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ این ایف سی ایوارڈ میں اب تک کس نے رقم فراہم کی؟ سب کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ امن قائم ہو۔انہوں نے کہا کہ یہاں بین الاقوامی جنگ لائی گئی، معیشت بری طرح متاثر ہوئی، 40 سال سے ہمارا صوبہ جنگ زدہ ہے، اور روزگار نہ ملنے کی وجہ سے نوجوانوں میں مایوسی پھیل گئی ہے۔

اسد قیصر نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان، ایران اور چین سمیت خطے کے ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے چاہئیں اور افغانستان کے ساتھ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔اس موقع پر جنید اکبر نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہمارے لوگ مسلسل شہید ہو رہے ہیں اور یہاں قانون کا حکمرانی نہیں، بلکہ جس کی طاقت زیادہ، اس کی بات چلتی ہے۔