پاکستان مزید جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا:اسد قیصر

 پاکستان مزید جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا:اسد قیصر

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان مزید جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا اور ہمیں اپنی پالیسیوں کو درست کرنا ہوگا۔

وہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں مولانا حامد الحق کے اہلخانہ سے تعزیت کے لیے پہنچے اور اس موقع پر کہا کہ 28 فروری کو پیش آنے والا سانحہ بہت بڑا تھا اور غم کی اس گھڑی میں وہ تمام غمزدہ خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں حملے کے خلاف آواز اٹھانے کا عزم ظاہر کیا۔صوبائی وزیر ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ مولانا حامد الحق کی شہادت ایک بڑا سانحہ ہے، اور دہشت گردی کے مسئلے کے حل کے لیے افغانستان سے بات چیت کرنا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ اور دیگر قیادت جلد افغان حکام سے اس معاملے پر بات کریں گے۔

یاد رہے کہ 28 فروری کو نوشہرہ کے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں خودکش دھماکہ ہوا، جس میں مولانا حامد الحق سمیت 8 نمازی شہید اور 18 زخمی ہوئے۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب مولانا حامد الحق نماز کے بعد گھر جا رہے تھے۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مولانا حامد الحق کو اس سے قبل خواتین کی تعلیم پر اپنے دو ٹوک موقف کی وجہ سے دھمکیاں دی گئی تھیں۔