ہالی ووڈ اداکارہ اور ایوارڈ یافتہ موسیقار کی تین سالہ ازدواجی زندگی ختم

ہالی ووڈ اداکارہ اور ایوارڈ یافتہ موسیقار کی تین سالہ ازدواجی زندگی ختم

نیویارک: ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ مارگریٹ کوالی اور 14 مرتبہ گریمی ایوارڈ جیتنے والے معروف موسیقار جیک اینٹونوف نے تین سالہ ازدواجی زندگی کے بعد علیحدگی کا فیصلہ کرتے ہوئے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق دونوں شخصیات نے جمعے کے روز نیویارک کی کنگز کاؤنٹی سپریم کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کی۔ قانونی دستاویزات میں مارگریٹ کوالی کو درخواست گزار جبکہ ان کے شوہر جیک اینٹونوف کو فریقِ مخالف ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ غیر متنازع ازدواجی کارروائی کے طور پر درج کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جوڑا رواں سال جولائی میں ہی ایک دوسرے سے علیحدہ ہوگیا تھا، تاہم طلاق کی درخواست دائر ہونے کے بعد بھی دونوں شخصیات یا ان کے نمائندوں کی جانب سے اس معاملے پر باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔32 سالہ مارگریٹ کوالی کا شمار ہالی ووڈ کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ وہ فلم ’دی سبسٹینس‘ اور ’ونس اپون اے ٹائم اِن ہالی وڈ‘ میں اپنی اداکاری کے باعث خاصی شہرت حاصل کرچکی ہیں۔ ان کی اداکاری کو مختلف فلمی حلقوں میں سراہا گیا ہے اور وہ ہالی ووڈ میں اپنی منفرد شناخت رکھتی ہیں۔

دوسری جانب 42 سالہ جیک اینٹونوف کا شمار عالمی شہرت یافتہ گیت نگاروں اور میوزک پروڈیوسرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ٹیلر سوئفٹ، لینا ڈیل رے اور سبرینا کارپنٹر سمیت متعدد معروف گلوکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔ وہ اپنے میوزک بینڈ ’بلیچرز‘ کے رکن بھی ہیں اور موسیقی کی دنیا میں متعدد اعزازات حاصل کرچکے ہیں۔مارگریٹ کوالی اور جیک اینٹونوف کے تعلقات کا آغاز 2021 میں ہوا تھا، جب دونوں نے ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا۔ کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد انہوں نے اگست 2023 میں شادی کرلی تھی۔