بھارتی موسیقار 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

بھارتی موسیقار 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری کے سینئر اور نامور موسیقار ایس پی وینکٹیش دل کا دورہ پڑنے کے باعث 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی فلمی دنیا، سیاسی حلقوں اور مداحوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ایس پی وینکٹیش کا شمار ملیالم سنیما کے ان موسیقاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے کئی دہائیوں تک فلمی موسیقی کو نئی جہت دی۔ انہوں نے درجنوں فلموں کے لیے یادگار دھنیں ترتیب دیں اور ان کی موسیقی کو جدید ملیالم فلم میوزک کی بنیاد رکھنے والوں میں شامل کیا جاتا ہے۔ ان کی تخلیق کردہ دھنیں نہ صرف اپنے دور میں مقبول رہیں بلکہ آج بھی مختلف نسلوں میں یکساں طور پر پسند کی جاتی ہیں۔کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنرائی وجین نے بھی ایس پی وینکٹیش کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ“ایس پی وینکٹیش کی لازوال دھنیں ملیالم فلم موسیقی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔”

موسیقار کے انتقال پر سیاسی رہنماؤں، فلمی شخصیات، گلوکاروں اور مداحوں کی جانب سے تعزیت اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی فنکاروں نے سوشل میڈیا پر ان کے ساتھ کام کرنے کی یادیں شیئر کرتے ہوئے انہیں ایک خاموش طبع مگر غیر معمولی تخلیقی صلاحیتوں کا حامل فنکار قرار دیا۔ایس پی وینکٹیش کی وفات کو ملیالم فلم انڈسٹری کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ان کی موسیقی نے نہ صرف فلموں کو پہچان دی بلکہ سامعین کے دلوں میں بھی ہمیشہ کے لیے جگہ بنا لی۔