ٹیلر سوئفٹ دنیا کی امیر ترین خاتون موسیقار بن گئیں

ٹیلر سوئفٹ دنیا کی امیر ترین خاتون موسیقار بن گئیں

امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

فوربز کی تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق، ٹیلر کی مجموعی دولت 1.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی، جس کے بعد وہ دنیا کی امیر ترین خاتون موسیقار بن گئیں، اور اس مقام پر گلوکارہ ریحانہ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ریحانہ کی دولت تقریباً 1.4 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے، جو زیادہ تر ان کے برانڈز فینٹی بیوٹی اور سیویج ایکس فینٹی سے حاصل ہوئی ہے۔ٹیلر سوئفٹ کی دولت کا زیادہ حصہ ان کے موسیقی کیریئر، شاندار کنسرٹ ٹورز اور گانوں کی فروخت سے حاصل ہوا۔ خصوصی طور پر دی ایراز ٹور (The Eras Tour) نے مالی لحاظ سے سنگ میل قائم کیا اور دنیا بھر میں سب سے کامیاب کنسرٹ ٹورز میں شامل ہو گیا، جس سے ٹیلر کی دولت میں نمایاں اضافہ ہوا۔

ان کے میوزک کیٹلاگ کی مالیت بھی سیکڑوں ملین ڈالر میں ہے، اور اسٹریمنگ، لائسنسنگ اور البمز کی فروخت سے حاصل ہونے والی رائلٹیز بھی ان کی آمدن کا اہم ذریعہ ہیں۔ ٹیلر نے اپنے پرانے البمز کو دوبارہ ریکارڈ کر کے ان کے حقوق واپس حاصل کیے، جس سے نہ صرف رائلٹیز میں اضافہ ہوا بلکہ ان کے میوزک کیٹلاگ کی قدر بھی کئی گنا بڑھ گئی۔مزید برآں، ٹیلر کی رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری بھی ان کی مجموعی دولت میں اضافے کا باعث ہے، اور امریکا بھر میں موجود ان کی قیمتی جائیدادیں بھی کروڑوں ڈالر کے اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔