لانڈھی میں 7 سالہ بچے کے قتل کا انکشاف؛ زیادتی کے بعد سر پر چوٹ مار کر قتل کیا گیا

لانڈھی میں 7 سالہ بچے کے قتل کا انکشاف؛ زیادتی کے بعد سر پر چوٹ مار کر قتل کیا گیا

کراچی کے علاقے لانڈھی میں بوری میں بند ملنے والے 7 سالہ بچے سعد علی کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا۔

 پولیس سرجن کے مطابق بچے سے زیادتی کے شواہد ملے ہیں جبکہ موت سر پر بھاری چیز لگنے سے واقع ہوئی۔پولیس کے مطابق مقتول بچہ 18 ستمبر کو تھانہ لانڈھی کی حدود بی ایریا، نزد گوشت مارکیٹ سے لاپتہ ہوا تھا۔ گمشدگی کا مقدمہ اسی روز تھانہ لانڈھی میں درج کیا گیا تھا۔ پانچ روز بعد لانڈھی 36-بی لعل مزار گندی گلی کی کچرا کنڈی سے بچے کی بوری بند لاش ملی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ وہاں مقتول کی شناخت 7 سالہ سعد علی ولد سلمان علی کے نام سے ہوئی۔

بچے کے والد کا کہنا ہے کہ مقتول ان کا اکلوتا بیٹا تھا اور چند روز قبل ہی اس کا اسکول میں داخلہ کروایا تھا۔ والد کے مطابق جس روز سعد لاپتہ ہوا، وہ اسے اسکول اور ٹیوشن سے واپس لائے تھے۔ بعد ازاں بچہ 20 روپے لے کر چیز لینے گھر سے نکلا اور واپس نہ آیا۔ اہل خانہ پانچ دن تک مسلسل تلاش کرتے رہے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔