بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان اپنی نئی ایکشن ڈرامہ فلم بیٹل آف گالوان کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کا پہلا شوٹنگ شیڈول لداخ میں مکمل کیا گیا، جو 45 دن طویل تھا۔ سلمان خان تقریباً 15 دن تک سیٹ پر موجود رہے، جہاں انہوں نے شدید سرد موسم، کم آکسیجن اور دشوار گزار حالات میں ایکشن مناظر عکس بند کروائے۔پروڈکشن ٹیم کے مطابق منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ کے سخت موسم میں شوٹنگ کے دوران اداکار زخمی ہوئے اور آکسیجن کی کمی کا بھی سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے مختصر آرام کے بعد دوبارہ کام جاری رکھا۔ شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد وہ فلم کے دوسرے شیڈول کے لیے ممبئی روانہ ہو چکے ہیں۔
یہ فلم 2020 میں چین اور بھارت کے درمیان وادی گالوان میں ہونے والے فوجی تصادم پر مبنی ہے۔ سلمان خان کے ہمراہ چترانگدا سنگھ اور ابھیلاش چوہدری بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا، تاہم امکان ہے کہ یہ 2026 میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔