جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری سے افسوسناک خبر سامنے آئی ہے جہاں مشہور اسٹنٹ مین ماسٹر موہن راج عرف ایس ایم راجو ایک خطرناک اسٹنٹ کے دوران حادثے کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایس ایم راجو تامل فلم "ویتوان" کی شوٹنگ کے دوران ایک تیز رفتار کار اسٹنٹ انجام دے رہے تھے۔ یہ حادثہ تامل ناڈو میں فلم کے سیٹ پر پیش آیا جہاں فلم کی پوری ٹیم اور ہدایتکار موجود تھے۔اسٹنٹ کے دوران ان کی گاڑی بے قابو ہو کر تیز رفتاری سے ہوا میں اڑتی ہوئی کافی دور جا گری، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس ہولناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس نے مداحوں اور فلم انڈسٹری کو غمزدہ کر دیا ہے۔ایس ایم راجو کو تامل فلم انڈسٹری میں ایک ماہر، تجربہ کار اور دلیر اسٹنٹ مین کے طور پر پہچانا جاتا تھا۔ وہ اپنی زندگی میں کئی مشہور فلموں میں خطرناک اسٹنٹس انجام دے چکے تھے اور اپنی مہارت کے سبب اداکاروں، ہدایتکاروں اور شائقین میں خاصے مقبول تھے۔حادثے کے بعد فلم کی شوٹنگ کو فوری طور پر روک دیا گیا اور ایس ایم راجو کے احترام میں فلمی حلقوں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر فنکار برادری اور مداحوں نے ان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔