اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کی درخواست پر سماعت

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کی درخواست پر سماعت

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو تنہائی میں ملاقات کی اجازت دینے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے شہری شاہد یعقوب کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تک جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل عاطف محمود عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ قواعد کے مطابق قید میاں بیوی کو سال میں کم از کم تین مرتبہ اسپیشل ملاقات کا حق حاصل ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کون ہیں، جس پر بتایا گیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے فالوور ہیں لیکن تحریک انصاف کے رکن نہیں۔ دوران سماعت عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی یا پاکستان تحریک انصاف اس مقدمے کے فریق نہیں اور خود تحریک انصاف بھی اس درخواست سے لاتعلقی کا اظہار کر چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق جیل قوانین کے تحت قید میاں بیوی ملاقات کے لیے براہ راست جیل سپرنٹنڈنٹ کو درخواست دے سکتے ہیں، تاہم اڈیالہ جیل میں فیملی روم کی سہولت دستیاب نہیں۔ اگر سپرنٹنڈنٹ اجازت نہ دے تو ڈپٹی کمشنر، پھر متعلقہ ٹرائل کورٹ اور آخر میں ہائیکورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔