ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، شاہی خاندان اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کی ولولہ انگیز قیادت میں سعودی عرب نے ترقی کے سنگ میل عبور کیے ہیں، جو پاکستان کے لیے باعثِ فخر اور حوصلہ افزائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک سعودیہ دفاعی تعاون معاہدے نے تاریخی تعلقات کو نئی جہت دی ہے جبکہ دفاعی، اقتصادی اور ثقافتی شراکت داری نے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے سعودی شاہی خاندان کی خدمات قابلِ فراموش نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک سعودیہ تعلقات دو بھائیوں کی وہ مقدس میراث ہیں جو قربانی، وفا اور خلوص کے رشتے سے جڑے ہیں اور ہر آزمائش میں سرخرو ثابت ہوئے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ بے لوث تعاون کیا ہے، چاہے قدرتی آفات ہوں یا عالمی چیلنجز۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔آخر میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی قوم سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دل کی گہرائیوں سے دعاگو ہے۔