سڈنی(آئی این پی )آسٹریلوی حکام نے وعدہ کیا ہے کہ ٹیلی کمیونیکیشنز کی بڑی کمپنی آپٹس کو سسٹم کی خرابی پر سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے، جس کا تعلق متعدد اموات سے جوڑا گیا ہے۔بی بی سی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے پیش آنے والے واقعے میں ملک کے آدھے سے زیادہ حصے میں سیکڑوں افراد 13 گھنٹے تک ایمرجنسی سروسز کو کال کرنے سے قاصر رہے۔آپٹس (جو آسٹریلیا کے دو بڑے ٹیلی کام سروس فراہم کنندگان میں سے ایک ہے)کا کہنا ہے کہ اس کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد جان سے گئے، اور اس کے چیف ایگزیکٹو نے متاثرہ خاندانوں اور عوام سے اس مکمل طور پر ناقابلِ قبول ناکامی پر معذرت کی ہے۔کمپنی کو واقعے سے نمٹنے میں تاخیر پر شدید تنقید کا سامنا ہے، یہ گزشتہ 2 سال میں کمپنی کا دوسرا بڑا خلل ہے، اور ملک کا کمیونیکیشن ریگولیٹر اس کی تحقیقات کر رہا ہے۔