ایران میں احتجاج ، انٹرنیٹ سروس میں شدید خلل، گرفتاریوں کی اطلاعات

 تہران (آئی این پی )ایران میں جاری حکومت مخالف احتجاج کے دوران ایک بار پھر انٹرنیٹ سروس میں شدید خلل آگیا ، جبکہ مختلف شہروں میں متعدد افراد کی گرفتاریوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ امریکی سائبر سکیورٹی اور انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کمپنی کلاوڈ فلیئر کے مطابق ایران میں انٹرنیٹ ٹریفک گزشتہ دنوں کے مقابلے میں اوسطا 35 فیصد کم ریکارڈ کی گئی ہے۔ایرانی صارفین نے جمعرات سے گھریلو اور موبائل انٹرنیٹ سروس میں وقفے وقفے سے تعطل کی شکایات کی ہیں۔ ایران میں ماضی میں بھی احتجاج کے دوران انٹرنیٹ سروس بند یا محدود کی جاتی رہی ہے، حتی کہ صارفین کو صرف مقامی انٹرا نیٹ تک محدود کر دیا جاتا رہا۔جون کے وسط میں امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران کئی دن تک انٹرنیٹ تقریبا مکمل طور پر بند رہا تھا۔ حکومت نے احتجاج کے تناظر میں انٹرنیٹ کی سست روی پر براہِ راست تبصرہ نہیں کیا، تاہم وزیر اطلاعات و مواصلات ستار ہاشمی نے کہا ہے کہ ایران نے حالیہ دنوں میں اپنی تاریخ کے بڑے سائبر حملوں میں سے ایک کو ناکام بنایا ہے، جس کے باعث انٹرنیٹ بینڈ وڈتھ متاثر ہوئی ہو سکتی ہے۔