چین نے عالمی برادری سے فلسطین کی اقوام متحدہ رکنیت کیلئے حمایت کی اپیل کردی
حماس کے خلاف حکمت عملی ناکام ، غزہ جنگ اسرائیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، فرانسیسی صدر
غزہ،بیجنگ ،پیرس(آئی این پی )اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں مزید فوجی دستے داخل کرتے ہوئے رہائشی عمارتوں، پناہ گزین اسکولوں اور خیموں پر حملے تیز کردئیے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ 3 مختلف ڈویژنز غزہ سٹی میں پیش قدمی کر چکی ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں حملے جاری ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج نے تازہ حملوں میں شاتی پناہ گزین کیمپ سمیت مختلف رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مزید 68 فلسطینی شہید ہوگئے، خان یونس میں امداد کے منتظر 3 فلسطینی بھی اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کا نشانہ بنے۔دوسری جانب چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا کہنا ہے کہ چین غزہ میں جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ 2 برسوں سے جاری غزہ جنگ نے بے مثال انسانی المیے کو جنم دیا ہے، بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتی اسرائیلی کارروائیاں دو ریاستی حل کو خطرے میں ڈال رہی ہیں