سی ایم بائیک سکیم ، طلبہ کو بلاسود آسان اقساط پرسکوٹی ، مفت سہولتیں ملیں گی

درخواست دہندگان کی عمر 16 سال ، درست ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ ہونا چاہیے
 اہل طلبا و طالبات کو 5   ٹریننگ سینٹر میںسکوٹی چلانے کی مفت تربیت فراہم کی جائے گی
 ای بائیک سکیم کے لئے 4 اکتوبر 2026 تک اپنی درخواستیں آن لائن جمع کرا سکتے ہیں
لاہور(آئی  این پی ) پنجاب سی ایم بائیک اسکیم 2026 میں طلبہ کو بلاسود آسان اقساط پر الیکٹرک اسکوٹی کے ساتھ مفت میں کئی سہولت ملیں گی۔ تفصیل کے مطابق پنجاب سی ایم بائیک اسکیم 2026 کے تحت طلبہ و طالبات کو سرکاری سبسڈی کے ساتھ الیکٹرک بائیک خریدنے کے لیے بلاسود رقم فراہم کی جائے گی، اور طلبہ ہر ماہ آسان اقساط میں یہ رقم واپس کر سکیں گے۔پنجاب بھر کے اہل سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے والے طلبہ اس اسکیم سے مستفید ہو سکتے ہیں۔درخواست دہندگان کی عمر کم از کم 16 سال ہونی چاہیے اور ان کے پاس ایک درست ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ ہونا چاہیے۔ ایک درست کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ بھی ضروری ہے۔والدین یا قانونی سرپرست درخواست دہندگان کے ضامن بن سکتے ہیں۔ درخواست کے ساتھ فراہم کردہ موبائل نمبر ضامن کے نام پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔طلبہ وزیراعلی پنجاب ای بائیک اسکیم کے لئے 4 اکتوبر 2026 تک اپنی درخواستیں آن لائن جمع کرا سکتے ہیں۔درخواستیں  سرکاری اسکیم پورٹل   https://bikes.punjab.gov.pk/کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں ۔اہل طلبہ کو 72 وولٹ، 30 ایمپیئر گھنٹے کی بیٹری سے لیس جدید الیکٹرک بائیک ملیں گی۔ بائک کی زیادہ سے زیادہ رفتار تقریبا 50 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ اور 1,000 واٹ کی موٹر ہوگی۔پنجاب سی ایم ای بائیک اسکیم 2026 کے تحت اہل طلبہ وطالبات کے لیے 5 مفت اسکوٹی ٹریننگ سینٹر قائم کیے گئے ہیں، جہاں انہیں اسکوٹی چلانے کی مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔اسکوٹی ٹریننگ سینٹر ز  ابشر ڈرائیونگ سکول،  لبرٹی خدمت مرکز،گریٹر اقبال پارک،  ٹریفک پولیس لائنز مناواں اور  ایل او ایس فیروز پور روڈ پر قائم کئے گئے ہیں ۔اسکوٹی ٹریننگ حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ اپنا شناختی کارڈ ہمراہ لائیں۔لاہور ٹریفک پولیس نے طلبہ کی سہولت کے لیے ٹریننگ سینٹرز میں اسکوٹی لائسنس کی فراہمی کے لیے مخصوص اسکوٹی کائونٹر بھی مختص کیے ہیں۔پروگرام میں حصہ لینے والے طلبہ کو مفت ہیلمٹ اور حفاظتی سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔