طلبہ کو ایک سال میں ایک لاکھ ای بائیکس دی جائیں گی، پنجاب حکومت ہر ای بائیک پر 70 ہزار روپے کی سبسڈی دے گی
طلبا ء کو 14 ہزار ڈائو ن پیمنٹ کرنی ہوگی‘طالبات کی ای بائیکس کی ڈاون پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس مریم نواز خود دیں گی
ای بائیکس کیلئے 2100 روپے ماہانہ سود فری آسان قسط دینا ہوگی، سرکاری ملازمین بھی آسان اقساط پر ای بائیکس حاصل کر سکیں گے
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ایک بار پھر نوجوان طلبہ کیلئے آسان ترین اقساط پر ای بائیکس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب نے الیکٹرک بسوں کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے قیام کا سنگ میل بھی عبور کر لیا، اسمبلنگ پلانٹ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کی اسمبلنگ شروع کر چکا، پنجاب اب صرف بسیں نہیں چلا رہا بسیں بنا رہا ہے۔وزیر اعلی نے پھر سے نوجوان طلبہ کے لئے آسان ترین اقساط پر ای بائیکس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، طلبہ کو ایک سال میں ایک لاکھ ای بائیکس دی جائیں گی، پنجاب حکومت ہر ای بائیک پر 70 ہزار روپے کی سبسڈی دے گی، نوجوان طلبا کو ای بائیک کے حصول کیلئے 14 ہزار ڈائو ن پیمنٹ کرنی ہوگی۔طالبات کی ای بائیکس کی ڈاون پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس وزیر اعلی مریم نواز شریف خود کریں گی، طلبہ کو ای بائیکس کے حصول کے لئے صرف 2100 روپے ماہانہ سود فری آسان قسط ادا کرنا ہوگی، پنجاب کے سرکاری ملازمین بھی آسان اقساط پر ای بائیکس حاصل کر سکیں گے۔گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد، سرگودھا ڈویژنز کی 91 تحصیلوں میں 1500 بسیں چلائی جائیں گی۔