راولپنڈی کے علاقے گوالمنڈی میں شہری کو برہنہ کرکے بدترین تشدد کرنے والے افراد کے خلاف راولپنڈی پولیس نے رات گئے کارروائی کی ہے۔
سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر، تھانہ سٹی کے علاقے میں ہونے والی اس واقعے کے بعد پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مرکزی ملزم جنید عرف جیدا سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے ترجمان کے مطابق، یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور شہری پر تشدد کا یہ واقعہ سامنے آیا۔ پولیس کو ابتداً کوئی شکایت درج نہیں کروائی گئی تھی، تاہم ویڈیو کی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کیا اور تشدد میں ملوث افراد کی تلاش شروع کی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے رات بھر گوالمنڈی میں چھاپے مارے اور 6 افراد کو حراست میں لیا جن میں مرکزی ملزم جنید عرف جیدا، روحیل، یاسر خان، فیصل مسیح اور ثمر عباس شامل ہیں۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے جاری ہیں۔
سی پی او کا کہنا ہے کہ تشدد کے واقعے میں ملوث کسی بھی شخص کو قانون سے نہیں بچنے دیا جائے گا اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔پولیس ذرائع کے مطابق، ویڈیو کی مدد سے شناخت ہونے والے ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس کا موقف ہے کہ کسی بھی شہری پر تشدد کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔