لاہور: دو خواتین کا کم سن بچی پر بدترین تشدد، گلے پر چھری چلانے کی کوشش کا الزام، مرکزی ملزمہ گرفتار

لاہور: دو خواتین کا کم سن بچی پر بدترین تشدد، گلے پر چھری چلانے کی کوشش کا الزام، مرکزی ملزمہ گرفتار

لاہور: نشتر کالونی میں 14 سالہ کم سن بچی نور فاطمہ کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے اور اس کے گلے پر چھری چلانے کی کوشش کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ پولیس نے مرکزی ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق نور فاطمہ کی والدہ کی درخواست پر تھانہ نشتر کالونی میں مالک مکان فرزانہ اور ثانیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بچی کی والدہ نے الزام عائد کیا کہ ان کی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس کا گلا چھری سے کاٹنے کی کوشش بھی کی گئی۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعے میں نامزد مرکزی ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔دوسری جانب اس واقعے سے قبل مالک مکان فرزانہ کی مدعیت میں نور فاطمہ کی والدہ کے خلاف چوری کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ مدعیہ نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کے گھر سے 48 ہزار روپے نقدی، 5.33 تولے سونا اور 14 سوٹ چوری کیے گئے ہیں۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ چوری اور تشدد کے الزامات کی تفتیش انوسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دی گئی ہے۔