لاہور میں موسلا دھار بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم، 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے

لاہور میں موسلا دھار بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم، 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے

ویب ڈیسک: لاہور اور مضافاتی علاقوں میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث لیسکو کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

ذرائع کے مطابق لیسکو کے 70 سے زائد فیڈرز بارش کے دوران ٹرپ کر گئے جس سے شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے فنی خرابیوں اور تکنیکی مسائل کو دور کرنے کے لیے فیلڈ سٹاف کو فوری طور پر بحالی کے کام کی ہدایات جاری کر دیں۔بارش کی وقفے وقفے سے جاری رہنے والی شدت کے باعث لائن سٹاف کو بحالی کے کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

لیسکو چیف محمد رمضان بٹ کے مطابق بارش کے تھمنے کے بعد فیڈرز کی مکمل بحالی کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔لیسکو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران بجلی سے متعلقہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن پر فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔