پیپلزپارٹی کی قیادت کو حسن مرتضیٰ کے بیان کا نوٹس لینا چاہئے: عظمیٰ بخاری

پیپلز پارٹی کے پنجاب سے ہارے ہوئے لوگوں کو اپنی جماعت اقتدار میں بیٹھی اچھی نہیں لگتی
جمہوریت کا نعرہ لگانیوالے ہماری قیادت پر الزام تراشی میں مصروف ہیں: صوبائی وزیر اطلاعات
لاہور (سپیشل رپورٹر)  وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے پیپلزپارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی خود فیصلہ کرے کہ وہ حسن مرتضیٰ کے بیان پر خاموش رہے گی یا ہمیں جواب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ کیا حسن مرتضیٰ اپنی ہی قیادت کے خلاف سازش کر رہے ہیں؟اگر کسی کو معافی مانگنی ہے تو وہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کو مانگنی چاہیے،جن کے کنٹرول میں ایسے ہارے ہوئے لوگ بھی نہیں رہ سکے۔عظمٰی بخاری نے کہا کہ ایک طرف پیپلزپارٹی جمہوریت جمہوریت کا راگ الاپتی ہے،اور دوسری طرف ہماری قیادت پر کیچڑ اچھالنے سے باز نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کو حسن مرتضیٰ کے بیان کا فوری نوٹس لینا چاہیے،کیونکہ پنجاب سے ہارے ہوئے چند رہنما آج اپنی ہی جماعت کی کامیابی برداشت نہیں کر پا رہے۔