علاج کیلئے سہولتیں ملنی چاہئیں، ان کیلئے قانون اور عدالت کے تمام راستے کھلے ہیں
دبئی (آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے کہاہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی زندگی کو خطرات کے حوالے سے کہا ہے کہ علاج کے لئے مکمل منصفانہ اور جائز سہولتیں ملنی چاہئیں۔ آصفہ بھٹو زرداری نے موجودہ سیاسی بحران کے سلسلے میں غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ عمران خان کی زندگی کو درپیش خطرات کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہئے، کوئی بھی شخص جو یہ کہتا ہے اس کی زندگی کو خطرہ ہے تو ہمیں اس کے تحفظ کے لئے ضروری چیزوں کا سنجیدگی سے اہتمام کرنا چاہئے۔ بلاشبہ عمران خان جیل میں ہیں لیکن ان کے لئے قانون اور عدالت کے تمام راستے کھلے ہیں، وہ عدالتوں سے رجوع کر سکتے ہیں اور عدالتوں کے سامنے اپنا مقدمہ پیش کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ ان کا خاندان بھی اگرچہ بار بار اقتدار میں آیا ہے، اس کے باوجود خاندان کے کئی افراد کو سیاسی وجوہ کی بنیاد پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے حتی کہ جیلیں اور پھانسی بھی برداشت کرنا پڑی، اس لیے وہ اس معاملے کی سنگینی کو زیادہ شدت سے محسوس کر سکتی ہیں۔