قانونی نوٹس کے ذریعے مجھے خاموش نہیں کرایا جا سکتا ‘ عوامی مفاد کے مسائل پر آواز اٹھاتا رہوں گا‘ شفافیت اور احتساب کیلئے عزم غیر متزلزل ہے
پنجاب بدستور شدید بدانتظامی اور بدعنوانی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے ‘ مسائل پر دھمکیوں کے بجائے خود احتسابی اور جوابدہی کی ضرورت ہے:چودھری سالک
لاہور(آئی این پی)وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے 5 ارب روپے ہرجانے کے قانونی نوٹس کا تحریری جواب بھجوا دیا جبکہ جوابی کارروائی کرتے ہوئے مریم نواز اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کو بھی ہتک عزت کے قانونی نوٹسز بھی ارسال کر دیے۔۔ترجمان مسلم لیگ ق کے مطابق چودھری سالک حسین نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس کا تحریری جواب ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو ارسال کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے اپنے جواب میں اپنے بیان پر قائم رہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی نوٹس کے ذریعے انہیں خاموش نہیں کرایا جا سکتا اور وہ عوامی مفاد کے مسائل پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔چودھری سالک حسین کا کہنا ہے کہ پنجاب بدستور شدید بدانتظامی اور بدعنوانی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے اور ان مسائل پر دھمکیوں کے بجائے خود احتسابی اور جوابدہی کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور پنجاب کے وسیع تر مفاد میں شفافیت اور احتساب کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل ہے۔وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے اپنے وکیل کے توسط سے ہتک عزت کے 2 قانونی نوٹس بھی بھجوائے ہیں، جن میں سے ایک وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور دوسرا وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری کو بھیجا گیا ہے